قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد آصف کا کہنا ہے کہ کیرئیر کا جس طرح اختتام ہوا اس پر انتہائی افسوس ہے مگر غلطیاں سب ہی سے ہوتی ہیں اور مجھ سے بھی غلطیاں ہوئیں.
اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کیس کا نشانہ بننے والے کرکٹر محمد آصف کا کیرئیر تنازعات کا شکار رہا ہے، فیلڈ اور آف دی فیلڈ بھی وہ کئی تنازعات اور اسکینڈلز میں الجھے رہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران شرمناک میچ فکسنگ کیس میں محمد آصف کو 5 برس کی پابندی کی سزا کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب کہ محمد عامر کی انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی ہوئی لیکن محمد آصف کو دوبارہ موقع نہ مل سکا.
محمد آصف اب گزشتہ چند ماہ سے امریکہ میں مقیم ہیں اور وہاں مستقل رہائش اختیار کرنے کے لئے کوشاں ہیں.
انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں ان دنوں کام کر رہا ہوں اور جس علاقے میں رہتا ہوں وہاں بہت اچھی اکیڈمیز ہیں اور سہولیات شاندار ہیں، یہاں رہتے ہوئے لیگ میچز بھی کھیلتا ہوں یہاں کئی پاکستانی اور بھارتی ہیں جو کرکٹ میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں.
ایک انٹرویو میں محمد آصف نے مایوس ہو کر کہا کہ میرے کیرئیر کا اختتام اچھے انداز میں نہیں ہوا، میں نے ایسا کبھی نہیں چاہا تھا، میرا عزم یہی تھا کہ میرا کیرئیر شاندار ہو اور اس کا اختتام بھی اچھا ہو لیکن ایسا نہ ہو سکا جس کا مجھے افسوس ہے.
انہوں نے کہا کہ پاکستان جاؤں گا اور ضرورت پڑی تو کام بھی کرنا چاہوں گا لیکن اس وقت وہاں جگہ نہیں ہے، نوے کی دہائی کے کرکٹرز کے ہاتھوں میں سارا کام چل رہا ہے، اس لئے میرے پاس کوئی موقع موجود نہیں.
فاسٹ باؤلر محمد آصف نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اکیڈمی قائم کرنا چاہتا ہوں جو کورونا کی وجہ سے رک گئی ہے، لیکن پر عزم ہوں کہ اکیڈمی ضرور قائم کروں گا اور بچوں کو کرکٹ سکھاؤں گا.
Comments
Post a Comment
Thank your for talking to us